*سوال:* ادھر کافی دنوں سے پبجی نامی ایک گیم چل رہا ہے، نوجوان اسے بہت انہماک سے کھیل رہے ہیں تو کیا یہ گیم کھیلنا درست ہے (عبداللہ بہرائچ یوپی)
*بسم اللہ الرحمن الرحیم*
*الجواب وباللہ التوفیق*
کھیل کود کہ انسان کے مزاج میں داخل ہے اور انسان تفریح طبع کے لئے کچھ نہ کچھ کھیل کود کرتا ہے، شریعت اسلامی میں جن کھیلوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے وہ ایسے کھیل ہیں جو صحت کے لیے مفید ہوں اور اس میں اس قدر انہماک نہ ہو کہ آدمی فرائض سے بھی غافل ہوجائے، ایسے کھیل جو صحت کے لئے نقصان دہ ہوں وہ شریعت اسلامی کے خلاف ہیں، مذکورہ گیم یعنی پبجی یہ ذہن و دماغ کے لئے سخت مضر ہے، اس سے انسان کو نہ دنیوی نفع حاصل ہوتا ہے اور نہ ہی جسمانی، بلکہ اس کے نئے ورژن میں تو شرک بھی داخل کردیا گیا ہے، چنانچہ کھلاڑی اپنی شکتی بڑھانے کے لئے مندر کے بت کے سامنے جاتا ہے اور اپنی شکتی بڑھانے کی فریاد کرتا ہے، ظاہر ہے کہ جو گیم اس طرح کے مفاسد پر مبنی ہو شریعت اسلامی میں کیونکر اس کی اجازت دی جا سکتی ہے، نوجوانوں کو بالکلیہ یہ گیم چھوڑ دینا چاہیے اور اپنا قیمتی وقت مفید کاموں میں لگانا چاہیے(١)۔ فقط والسلام و اللہ اعلم بالصواب۔