*صرف پانچ منٹ کا مدرسہ قرآن و حدیث کی روشنی میں*
03 *محرم الحرام*
نمبر (1):(( *اسلامی تاریخ*))
*فرشتے اللــہ تعالٰی کی مخلوق ہیں*
فرشتے اللہ تعالٰی کی مخلوق ہیں، جو نور سے پیدا ہوئے ہیں، وہ ہماری نظروں سے غائب ہیں، کبھی اللہ کی نافرمانی نہیں کرتے، اللہ تعالی نے ان کو مختلف کاموں پر لگا رکھا ہے، وہ ہر وقت انہیں کاموں میں لگے رہتے ہیں، فرشتے بےشمار ہیں، ان کی صحیح تعداد اللہ تعالی ہی کو معلوم ہے، ان میں چار فرشتے مشہور و مقرب ہیں، (1) حضرت جبرئیل علیہ السلام جو اللہ کی کتابیں اور احکامات پیغمبروں کے پاس لاتے تھے. (2) حضرت اسرافیل علیہ السلام جو قیامت میں اللہ تعالی کے حکم سے صور پھونکیں گے. (3) حضرت میکائیل علیہ السلام جو بارش کا انتظام کرنے اور مخلوق کو روزی پہنچانے پر مقرر ہیں. (4) حضرت عزرائیل علیہ السلام جو مخلوق کی جان نکالنے پر مقرر ہیں، اسی طرح ان کے علاوہ بھی بہت سارے فرشتے ہیں، جو اللہ تعالی کی حمد و ثنا اور اس کی پاکی بیان کرنے میں لگے رہتے ہیں.
نمبر (2):(( *اللــہ کی قدرت*))
*دودھ*
اللہ تعالی نے لوگوں کی غذا کے لیے دودھ کا انتظام فرمایا اور اس کے لیے گائے، بھینس، اونٹنی، بکری جیسے جانور پیدا کیے، جو اپنے بچوں کو بھی دودھ پلاتے ہیں اور انسانوں کے لیے دودھ اور غذائی ضرورت کو بھی پورا کرتے ہیں، غور فرمائیں! تمام چوپائے ایک ہی طرح کی گھاس کھاتے ہیں، مگر ان جانوروں کے گوبر اور خون کے درمیان سے صاف ستھرا اور غذا سے بھرپور سفید دودھ کون نکالتا ہے؟ یقیناً انسانوں کے لیے لذیذ اور پاک و صاف دودھ کا انتظام کرنا اللہ کی قدرت اور اس کی عجیب کاریگری ہے۔
نمبر (3):(( *ایک فرض کے بارے میں*))
*غسل میں پورے بدن پر پانی بہانا*
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: (جسم) کے ہر بال کے نیچے ناپاکی ہوتی ہے، لہٰذا تم بالوں کو دھوؤ اور بدن کو اچھی طرح صاف کرو۔ (ترمذی: 106، عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ) *فائدہ:* غسل میں پورے بدن پر پانی کا پہنچانا فرض ہے، اس لیے خصوصاً سر کے بالوں، داڑھی وغیرہ کی جڑ میں پانی پہنچانا چاہیے اور عورتوں کو اپنے بال کھول کر غسل کرنا چاہیے، تاکہ پانی بالوں کی جڑوں تک پہنچ جائے۔
نمبر (4):(( *ایک سنت کے بارے میں*))
*وضو میں داڑھی کا خلال کرنا*
حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جب وضو فرماتے، تو ہتھیلی میں پانی لیتے، اسے ٹھوڑی کے نیچے داخل کرتے ہوئے (انگلیوں سے) داڑھی کا خلال کرتے اور فرماتے اسی طرح میرے رب نے حکم دیا۔ (ابو داؤد: 145)
نمبر (5):(( *ایک اہم عمل کی فضیلت*))
*دو محبوب کلمے*
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دو کلمے ایسے ہیں جو زبان پر بڑے ہلکے پھلکے ہیں مگر اعمال کے ترازو میں بڑے وزنی ہیں، اللــہ تعالی کو بےحد پسند ہیں، وہ دو کلمے یہ ہیں: ( *سُبْحَانَ اللّٰهِ وَ بِحَمْدِہٖ، سُبْحَانَ اللّٰهِ الْعَظِيْمِ*) (بخاری: 7563، عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ)
نمبر (6):(( *ایک گناہ کے بارے میں*))
*ٹخنے سے نیچے کپڑا پہننا*
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے اپنا تہبند تکبر کے طور پر زمین پر گھسیٹا، تو ایسے آدمی کو دوزخ میں روندا جائے گا۔ (مسند احمد: 17612، عن خبيب الغفاری رضی اللہ عنہ)
نمبر (7):(( *دنیا کے بارے میں*))
*آخرت کے عمل سے دنیا حاصل کرنا*
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص آخرت کے کسی عمل سے دنیا چاہتا ہے، تو اس کے چہرے پر پھٹکار ہوتی ہے، اس کا ذکر مٹا دیا جاتا ہے اور اس کا نام دوزخ میں لکھ دیا جاتا ہے۔ (معجم کبیر: 2085، عن الجارود رضی اللہ عنہ)
نمبر (8):(( *آخرت کے بارے میں*))
*مسلمانوں سے جنت کا وعدہ*
قرآن شریف میں اللــہ تعالی فرماتا ہے: اللــہ تعالی نے مسلمان مردوں اور مسلمان عورتوں سے ایسے باغوں کا وعدہ کر رکھا ہے، جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہوں گی، یہ لوگ ہمیشہ ان باغوں میں رہیں گے اور ایسے عمدہ مکانوں کا وعدہ فرمایا، جو ہمیشہ رہنے والے باغوں میں ہوں گے۔ (سورۂ توبہ: 72)
نمبر (9):(( *طب نبوی سے علاج*))
*تین چیزوں میں شفا ہے*
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللــہ ﷺ نے فرمایا: شفا تین چیزوں میں ہے. (1) شہد پینے میں. (2) پچھنہ لگانے میں. (3) آگ سے داغنے میں، اور میں اپنی امت کو داغنے سے منع کرتا ہوں، لہٰذا داغ کر علاج کرنے سے بچنا چاہیے)۔ (بخاری: 5680)
نمبر (10):(( *قرآن کی نصیحت*))
قرآن شریف اللہ تعالی فرماتا ہے: اے ایمان والو! اللہ سے ڈرتے رہو اور سیدھی سچی بات کہا کرو، اللہ تعالی تمہارے نیک اعمال کو قبول کرے گا اور تمہارے گناہ معاف کر دے گا، اور جو کوئی اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے گا وہ بڑی کامیابی کو پہنچے گا۔ (سوره احزاب:70 تا 71)
ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔