صرف پانچ منٹ کا مدرسہ ۵

صرف پانچ منٹ کا مدرسہ قرآن و حدیث کی روشنی میں

05 محرم الحرام

نمبر (1):(( *اسلامی تاریخ*))

*حضرت آدم علیہ السلام*

حضرت آدم علیہ السلام وہ پہلے انسان ہیں جن سے دنیا میں بسنے والے انسانوں کی ابتدا ہوئی ہے، اللہ تعالی نے ان کا خمیر تیار کرنے سے پہلے فرشتوں سے کہا: عنقریب میں مٹی سے ایک ایسی مخلوق پیدا کرنے والا ہوں جسے زمین میں ہماری خلافت کا شرف حاصل ہوگا، چنانچہ حضرت آدم علیہ السلام کا خمیر مٹی سے گوندھا گیا، پھر اللہ تعالی نے اس میں روح پھونک دی، تو اسی وقت وہ زندہ انسان بن گئے، ان کے سامنے فرشتوں کو سجدہ کرنے کا حکم دیا، تو تمام فرشتے اللــہ تعالی کے حکم کی اطاعت کرتے ہوئے سجدہ میں گر گئے، مگر شیطان نے اپنی بڑائی اور تکبر کی وجہ سے سجدہ سے انکار کر دیا اور کہنے لگا: میں اس سے بہتر ہوں، کیونکہ آپ نے مجھے آگ سے پیدا کیا اور آدم کو مٹی سے پیدا کیا ہے، اس طرح شیطان اللہ کے حکم کو نہ مان کر ہمیشہ کے لیے اللــہ کی لعنت کا مستحق بن گیا، اور اسی وقت سے وہ حضرت آدم علیہ السلام اور ان کی اولاد کا دشمن بن گیا۔

نمبر (2):(( *اللــہ کی قدرت*))

*زمین اور اس کی پیداوار*

اللہ تعالی نے اتنی بڑی زمین کو انسانوں کے بسنے کے لیے بنایا اور اس پر بھاری پہاڑوں کو کھڑا کر کے ہلنے سے محفوظ کر دیا، پھر اس پر پیڑ، پودے، جاندار، مختلف قسم کے پھل، پھول، سبزیاں اور کھانے کی چیزیں پیدا فرمائیں، زمین پر گھر بنانے اور اس کو کھود کر پانی نکالنے کے لیے نرم بنا دیا، اللہ ہی نے اس زمین کو ہمارے چلنے، پھرنے اور ضرورتوں کو پورا کرنے کے قابل بنایا، اس میں سے رنگ برنگے پھل، پھول، مختلف قسم کی سبزیاں، میوے، اور غلے اگائے، غرض یہ کہ زمین ایک ہے لیکن اللــہ تعالی کی قدرت کا کرشمہ ہے کہ ایک ہی زمین سے انسانوں اور حیوانوں کی مختلف ضروریات کو پورا کیا۔

نمبر (3):(( *ایک فرض کے بارے میں*))

*صبح کی نماز ادا کرنے پر حفاظت کا ذمہ*

رسول اللہ نے فرمایا: جس نے صبح (یعنی فجر) کی نماز ادا کی، وہ اللہ کی حفاظت میں ہے. (مسلم: 1493، عن جندب بن عبداللہ رضی اللہ عنہ)

نمبر (4):(( *ایک سنت کے بارے میں*))

*پورے سر کا مسح کرنا*

حضرت مقدام بن معدیکرب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ کو وضو فرماتے ہوئے دیکھا، جب سر کے مسح پر پہنچے، تو اپنی ہتھیلی کو سر کے اگلے حصہ پر رکھا اور گزارتے ہوئے گدی تک گئے پھر یہاں سے لوٹے وہاں تک جہاں سے شروع کیا تھا (یعنی پھر گدی کی طرف سے مسح کرتے ہوئے پیشانی کی طرف ہاتھ کو لائے)۔ (ابو داؤد: 122)

نمبر (5):(( *ایک اہم عمل کی فضیلت*))

*اسلام میں بہتر اعمال*

ایک شخص نے رسول اللہ سے سوال کیا کہ کون سا عمل اسلام میں بہتر ہے؟ رسول اللہ نے جواب میں فرمایا: کھانا کھلانا اور ہر مومن کو سلام کرنا، چاہے تم اس کو پہچانتے ہو یا نہ پہچانتے ہو۔ (بخاری: 6236، عن عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ)

نمبر (6):(( *ایک گناہ کے بارے میں*))

*گناہ کی وجہ سے رزق سے محرومی*

رسول اللہ نے فرمایا: بےشک آدمی گناہوں کی وجہ سے رزق سے محروم کر دیا جاتا ہے. (مسند احمد: 21881، عن ثوبان رضی اللہ عنہ)

نمبر (7):(( *دنیا کے بارے میں*))

*حلال روزی کماؤ*

رسول اللہ نے فرمایا: روزی کو دور نہ سمجھو، کیونکہ کوئی آدمی اس وقت تک نہیں مر سکتا جب تک کہ جو روزی اس کے مقدر میں لکھ دی گئی ہے، وہ اس کو نہ مل جائے، لہٰذا روزی حاصل کرنے میں بہتر طریقہ اختیار کرو، حلال روزی کماؤ اور حرام کو چھوڑ دو. (مستدرک: 2134، عن جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ)

نمبر (8):(( *آخرت کے بارے میں*))

*جہنم میں ہمیشہ کا عذاب*

قرآن شریف میں اللــہ تعالی فرماتا ہے: بلاشبہ جن لوگوں نے ہماری آیات و احکام کا انکار کیا عنقریب ہم ان کو ایک سخت آگ میں داخل کریں گے، (وہاں ان کی مسلسل یہ حالت ہوگی کہ) جب ایک دفعہ ان کی کھال جہنم میں جھلس جائے گی، تو ہم پہلی کھال کی جگہ فوراً دوسری نئی کھال پیدا کر دیں گے، تاکہ یہ لوگ عذاب کا مزہ چکھتے رہیں۔ (سورہ نساء: 56)

نمبر (9):(( *طب نبوی سے علاج*))

*بیماری سے بچنے کی تدبیر*

رسول اللہ نے فرمایا: جب تمہارے برتن میں مکھی گر پڑے، تو اس کو پہلے پوری طرح ڈبا دو، پھر نکال کر پھینکو، کیونکہ اس کے ایک پر میں شفاء ہے، تو دوسرے میں بیماری ہے۔ (بخاری: 5782، عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ)

نمبر (10):(( *قـرآن کی نصیحت*))

قرآن شریف میں اللــہ تعالی فرماتا ہے: تم لوگ اللــہ اور اس کے رسول پر ایمان لے آؤ اور اس مال میں سے (راهِ خدا میں) خرچ کرو، جس مال میں تم کو اس نے دوسروں کا قائم مقام بنایا ہے، جو لوگ تم میں سے ایمان لے آئیں اور اللہ کے راستے میں خرچ کریں تو ان کو بڑا ثواب ملے گا۔ (سوره حدید: 7)

تبصرہ کریں

تبصرے

ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔