صرف پانچ منٹ کا مدرسہ قرآن و حدیث کی روشنی میں 07 *محرم الحرام
نمبر (1):(( *اسلامی تاریخ*)) *قابی?? اور ہابیل*
قابیل اور ہابیل حضرت آدم علیہ السلام کے دو بیٹے تھے، دونوں کے درمیان ایک بات کو لے کر جھگڑا ہو گیا، قابیل نے ہابیل قتل کر ڈالا، زمین پر یہ پہلی موت تھی اور اس بارے میں ابھی تک آدم علیہ السلام کی شریعت میں کوئی حکم نہیں ملا تھا، اس لیے قابیل پریشان تھا کہ بھائی کی لاش کو کیا کیا جائے؟ اللہ تعالی نے ایک کوّے کے ذریعہ اس کو دفن کرنے کا طریقہ سکھایا، یہ دیکھ کر قابیل کہنے لگا: ہائے افسوس! کیا میں ایسا گیا گزرا ہو گیا کہ اس کوّے جیسا بھی نہ بن سکا، پھر اس نے اپنے بھائی کو دفن کر دیا، یہیں سے دفن کرنے کا طریقہ چلا آرہا ہے، حضور ﷺ نے قابیل کے متعلق فرمایا: دنیا میں جب بھی کوئی شخص ظلماً قتل کیا جاتا ہے، تو اس کا گناہ حضرت آدم علیہ السلام کے بیٹے (قابیل) کو ضرور ملتا ہے، اس لیے کہ وہ پہلا شخص ہے جس نے ظالمانہ قتل کی ابتدا کی اور یہ ناپاک طریقہ جاری کیا. (مسند احمد: 3623) اسی لیے انسان کو اپنی زندگی میں کسی گناہ کی ایجاد نہیں کرنی چاہیے تاکہ بعد میں اس گناہ کے کرنے والوں کا وبال اس کے سر نہ آئے۔
نمبر (2):(( *اللــہ کی قدرت*))
*سورج*
سورج اللہ تعالی کی بنائی ہوئی ایک زبردست مخلوق ہے، اس سے ہمیں روشنی اور گرمی حاصل ہوتی ہے، وہ روزانہ مشرق سے نکلتا ہے اور مغرب میں ڈوبتا ہے، لیکن اللہ تعالی قیامت کے قریب اسے اپنی قدرت سے مشرق کے بجائے مغرب سے نکالے گا، اس کی لمبائی چوڑائی لاکھوں میل ہے، اور وزن کے اعتبار سے زمین کے مقابلہ میں لاکھوں گنا زیادہ ہے، اتنے وزنی اور بڑے سورج کو مقررہ نظام کے تحت چلانا اور کروڑوں میل کی دوری سے پوری دنیا کو روشنی اور گرمی عطا کرنا اللہ تعالی کی قدرت کی بڑی نشانی ہے۔
نمبر (3):(( *ایک فرض کے بارے میں*))
*دین میں نماز کی اہمیت*
ایک شخص نے رسول اللہ ﷺ سے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! اسلام میں اللہ کے نزدیک سب سے زیاده پسندیدہ عمل کیا ہے؟ آپ نے فرمایا: نماز کو اس کے وقت پر ادا کرنا، اور جو شخص نماز کو جان بوجھ کر چھوڑ دے اس کا کوئی دین نہیں ہے، اور نماز دین کا ستون ہے۔ (بیہقی فی شعب الایمان: 2683، عن عمر رضی اللہ عنہ)
نمبر(4):(( *ایک سنت کے بارے میں*))
*وضو میں کانوں کا مسح کرنا*
حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللــہ ﷺ نے (وضو میں) اپنے سر مبارک کا مسح فرمایا اور اس کے ساتھ دونوں کانوں کا بھی،(اس طریقے پر) کہ کانوں کے اندرونی حصہ کا شہادت کی انگلیوں سے مسح فرمایا اور باہر کے حصہ کا دونوں انگوٹھوں سے۔ (صحیح ابن حبان: 1093)
نمبر (5):(( *ایک اہم عمل کی فضیلت*))
*عاشوراء کے روزہ کا ثواب*
رسول اللہ ﷺ سے محرم کی دسویں تاریخ کے روزہ کے متعلق پوچھا گیا: تو آپ نے فرمایا: یہ روزہ پچھلے سال کے گناہوں کا کفارہ بن جاتا ہے۔ (مسلم: 2747، عن ابی قتاده رضی اللہ عنہ)
نمبر (6):(( *ایک گناہ کے بارے میں*))
*بلا ضرورت مانگنے کا وبال*
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے سوال کیا حالانکہ اس کے پاس اتنا موجود تھا جس سے اس کی ضرورت پوری ہو سکتی تھی، تو وہ قیامت کے دن اس حال میں آئے گا کہ اس کا چہرہ عیب دار اور (اس پر) خراش ہوگی. (ابو داؤد: 1626، عن ابن مسعود رضی اللہ عنہ)
نمبر (7):(( *دنیا کے بارے میں*))
*حضور ﷺ کے گھر والوں کا صبر*
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ اور آپ ﷺ کے گھر والے بہت سی رات بھوکے رہتے تھے، ان کے پاس رات کا کھانا نہیں ہوتا تھا، جب کہ ان کا کھانا عام طور سے جَو کی روٹی ہوتی تھی۔ (ترمذی: 2360)
نمبر (8):(( *آخرت کے بارے میں*))
*پرہیزگار لوگوں کے لیے خوشخبری*
قرآن شریف میں اللہ تعالی فرماتا ہے: بےشک پرہیزگار لوگ (جنت کے) باغوں اور چشموں میں ہوں گے، (ان کو کہا جائے گا) کہ تم ان باغوں میں امن و سلامتی کے ساتھ داخل ہو جاؤ اور ہم ان کے دلوں کی آپسی رنجش کو (اس طرح) دور کر دیں گے کہ وہ بھائی بھائی بن کر رہیں گے اور وہ تختوں پر آمنے سامنے بیٹھا کریں گے. (سورہ حجر: 45 تا 47)
نمبر (9)):(( *طب نبوی سے علاج*))
*دبلے پن کا علاج*
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ جب میری والدہ نے مجھے رسول اللــہ ﷺ کے پاس رخصت کرنے کا ارادہ کیا، تو میرے دبلے پن کا علاج کرنے لگیں، مگر کوئی علاج کارگر نہ ہوا، پھر میں نے تر کھجوروں کے ساتھ ککڑی کھانا شروع کیا، تو میں معتدل جسم والی ہو گئی، یعنی دبلا پن دور ہو گیا۔ (ابن ماجہ: 3324)
نمبر (10):(( *قرآن کی نصیحت*))
قرآن شریف میں اللہ تعالی فرماتا ہے: کیا یہ لوگ زمین میں چل پھر کر نہیں دیکھتے کہ ان سے پہلے لوگوں کا کیا انجام ہوا، اللہ نے ان کو ہلاک کر ڈالا اور ان کافروں کے لیے بھی اسی قسم کے حالات ہونے والے ہیں، اس لیے کہ اللہ تعالی اہلِ ایمان کا دوست ہے اور کافروں کا کوئی دوست نہیں ہے۔ (سوره محمد: 10 تا 11)
ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔