صرف پانچ منٹ کا مدرسہ ۸

*صرف پانچ منٹ کا مدرسہ قرآن و حدیث کی روشنی میں* 08 *محرم الحرام*

نمبر (1):(( *اسلامی تاریخ*))

*حضرت شیث علیہ السلام*

ہابیل کے قتل کے بعد اللہ تعالی نے حضرت آدم علیہ السلام کو حضرت شیث علیہ السلام جیسا نیک فرزند عطا فرمایا، وہ حضرت آدم علیہ السلام کے سچے جانشین ہوئے اور آگے چل کر پوری نسل انسانی کا سلسلہ انہیں سے چلا، اللہ تعالی نے ان کو نبوت سے نوازا اور پچاس صحیفے ان پر نازل فرمائے، جب حضرت آدم علیہ السلام کا انتقال ہوا، تو جبرئیل علیہ السلام کے حکم سے حضرت شیث علیہ السلام ہی نے نماز جنازہ پڑھائی، انہوں نے حزورہ نامی عورت سے نکاح کیا اور ان سے ایک لڑکا اور ایک لڑکی پیدا ہوئی، حضرت شیث علیہ السلام نے اپنی زندگی مکہ میں گزاری اور ہر سال حج و عمرہ کرتے رہے، ان کو دن رات میں مختلف عبادتوں کا طریقہ سکھایا گیا تھا اور ایک بڑے طوفان کے آنے اور سات سال تک رہنے کی خبر دی گئی تھی، حضرت شیث علیہ السلام نے نو سو بارہ سال کی عمر پائی، جب انتقال کا وقت قریب آیا، تو اپنے بیٹے انوش کو اللہ کے احکام کے مطابق زندگی گزارنے کی وصیت فرمائی، وفات پانے کے بعد اپنے والدین کے پہلو میں جبل ابی قبیس کے غار میں دفن کیے گئے۔

نمبر (2):(( *حضور ﷺ کا معجزه*))

*بیت المقدس کے بارے میں خبر دینا*

جب رسول اللہ ﷺ معراج سے واپس آئے اور کفار مکہ کو بتایا کہ میں رات کو بیت المقدس گیا اور پھر وہاں سے ساتوں آسمانوں پر گیا اور وہاں کی سیر کی، تو کفار نے اس کا انکار کر دیا اور بیت المقدس کے بارے میں سوال کرنے لگے، اللہ تعالی نے اپنے رسول کے لیے بیت المقدس تک کے سارے پردے ہٹا دیئے یہاں تک کہ حضور ﷺ اس کی طرف دیکھتے جاتے اور اس کی نشانیاں بتلاتے جاتے۔ (مسلم: 428، عن جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ)

نمبر (3):(( *ایک فرض کے بارے میں*))

*گِروی رکھی ہوئی چیز سے فائدہ نہ اٹھانا*

حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ کے پاس ایک شخص آئے اور کہا کہ ایک گھوڑا (میرے پاس) گروی رکھا گیا تھا، لیکن میں اس پر سوار ہو گیا، (تو کیا میرے لیے گروی رکھے ہوئے گھوڑے پر سوار ہونا جائز ہے؟) حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے فرمایا: اس گھوڑے سے تم نے جتنا فائدہ اٹھایا وہ سود ہے۔ (کنز العمال: 15749) *خلاصہ:* گروی رکھی ہوئی چیز سے نفع اٹھانا جائز نہیں، لہذا اس سے بچنا ضروری ہے۔

نمبر (4):(( *ایک سنت کے بارے میں*))

*تکبیر تحریمہ کے بعد کی دعا*

جب نماز کے لیے تکبیر تحریمہ *اَللّٰهُ أَكْبَرُ* کہہ کر ہاتھ باندھے، تو یہ دعا پڑھے: ( *سُبْحَانَكَ اَللّٰھُمَّ وَ بِحَمْدِكَ وَ تَبَارَكَ اسْمُكَ وَ تَعَالٰى جَدُّكَ وَ لَا إلٰهَ غَيْرَكَ*) *ترجمہ:* اے اللہ! ہم تیری پاکی بیان کرتے ہیں اور تیری تعریف کرتے ہیں تیرا نام برکت والا ہے اور تیری شان بڑی بلند ہے اور تیرے سوا کوئی معبود نہیں۔

نمبر (5):(( *ایک اہم عمل کی فضیلت*))

*دسویں محرم کا روزہ*

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: روزہ رکھنے میں کسی دن کو کسی دن پر کوئی فضیلت نہیں، مگر ماه رمضان کو اور عاشورا کے دن کو (یعنی ان دونوں کو دوسرے دنوں پر فضیلت حاصل ہے.) (طبرانی کبیر: 11091، عن ابن عباس رضی اللہ عنہ).

نمبر (6):(( *ایک گناہ کے بارے میں*))

*جان بوجھ کر قتل کرنا*

قرآن شریف میں اللہ تعالی فرماتا ہے: جو شخص کسی مسلمان کو جان بوجھ قتل کر دے، تو اس کی سزا جہنم ہے، وہ اس میں ہمیشہ ہمیش رہے گا اور اللــہ تعالی کا غصہ اور اس کی لعنت اس پر ہوگی اور اللــہ تعالی نے ایسے شخص کے لیے بڑا عذاب تیار کر رکھا ہے. (سوره نساء: 93)

نمبر (7):(( *دنیا کے بارے میں*))

*دنیاوی زندگی پر خوش نہ ہونا*

قرآن شریف میں اللہ تعالی فرماتا ہے: اللہ تعالی جس کو چاہتا ہے بےحساب رزق دیتا ہے اور جس کو چاہتا ہے تنگی کرتا ہے، اور یہ لوگ دنیا کی زندگی پر خوش ہوتے ہیں اور اس کے عیش و عشرت پر اِتراتے ہیں حالانکہ آخرت کے مقابلے میں دنیا کی زندگی ایک تھوڑا سا سامان ہے۔ (سورہ رعد: 26)

نمبر (8):(( *آخرت کے بارے میں*))

*سب سے پہلا سوال*

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قیامت کے دن بندے سے سب سے پہلے یہ حساب لیا جائے گا کہ کیا میں نے تیرے جسم کو صحت نہیں بخشی تھی اور تجھے ٹھنڈے پانی سے سیراب نہیں کیا تھا. (ترمذی: 3358، عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ)

نمبر (9):(( *طب نبوی سے علاج*))

*بڑی بیماریوں سے حفاظت*

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص ہر مہینے تین دن صبح کے وقت شہد چاٹے گا، تو اسے کوئی بڑی بیماری نہیں ہوگی. (ابن ماجہ: 3450، عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ)

نمبر (10):(( *نبی ﷺ کی نصیحت*))

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم کسی کی کمزوریوں کی تلاش میں نہ رہا کرو اور جاسوسوں کی طرح کسی کے عیب معلوم کرنے کی کوشش بھی نہ کرو۔ (بخاری: 6064، عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ)

تبصرہ کریں

تبصرے

ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔